اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تاجر بیس جنوری کو وزیر اعظم عمران خان اور تاجر رہنمائوں کے مابین کو ہونے والی ملاقات کے منتظر اور ٹیکس کے معاملہ پر بریک تھرو کی توقع کر رہے ہیں۔گزشتہ کئی ماہ سے جاری مزاکرات کے دوران حکومت کی طرف سے تاجروں کو ہر ممکن ریلیف دیا گیا ہے جبکہ حال ہی میں انکے تحفظات اور خواہشات کے پیش نظر ایک آرڈیننس بھی جاری کیا گیا ہے اس لئے اب تاجر رہنما بھی اپناوعدے کی تکمیل کریں تاکہ ڈیڈ لاک ختم اور یہ مسئلہ حل ہو سکے ۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بیس جنوری کو تاجروں کے لئے مزید مراعات کے اعلان بھی متوقع ہے تاہم تاجروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں آنا ہو گا اور اپنی خرید و فروخت کا ریکارڈ رکھنا ہو گا کیونکہ یہ حکومت کی آمدنی بڑھانے کا معاملہ نہیں بلکہ ملکی بقاء کا مسئلہ بن چکا ہے ۔تاجروں کی خواہشات کے مطابق ٹرن اوور ٹیکس کم کیا جا چکا ہے اور اب حکومت کو امید ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے تیار ہو جائیں گے ۔