لاہور(وقائع نگار،خبرنگارخصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں انڈسٹریز، ریسٹورنٹس، میرج ہال اور سینما تھیٹرکھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔حتمی منظوری کے لئے نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سنٹر کو سفارشات او رتجاویز پیش کی جائیں گی۔اجلاس میں جم،ان ڈور سپورٹس،بیوٹی سیلون او رکلینک وغیرہ کھولنے کا فیصلہ بھی این سی او سی کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے ۔مری اور پنجاب کے دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کی تجویز پر غور کیا گیا تاہم اس پر بھی حتمی فیصلہ این سی او سی کرے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کنسٹرکشن انڈسٹری سے متعلقہ دیگر کاروبار بھی کھول دئیے جائیں گے ۔تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال،ہاشم جواں بخت،چیف سیکرٹری، سینئرممبربورڈآف ریونیو،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری اطلاعات،ڈپٹی کمشنر لاہور،ڈی جی فوڈ اتھارٹی اوردیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ لاہور(وقائع نگار،کامرس رپورٹر،آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ کی سربراہی میں مختلف چیمبرز کے وفد نے ملاقات کی ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ وہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔موجودہ حکومت کاروبار دوست اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروباری شعبہ کے مفاد میں تین روز قبل ہی لاک ڈاؤن ختم کردیا۔ گوجرانوالہ کو موٹروے سے منسلک کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی، گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کی جائے گی،فیصل آباد کی ترقی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک اڈہ کی شہر سے باہر منتقلی کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ وفد کے اراکین میں راولپنڈی چیمبر کے صدر صبور ملک، گوجرانوالہ چیمبر کے صدر میاں عمر سلیم، فیصل آباد چیمبر کے سابق صدر ضیائعلمدار، چیئرمین چین سٹور ایسوسی ایشن رانا طارق، ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے صدر عامرقریشی، شیخوپورہ چیمبر کے سابق صدر ملک منظور، حاجی طاہر نوید، حاجی خالد، میاں طارق فیروز، شیخ ادریس شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز میاں اسلم اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پولیس کے شہدا کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس شہدا کیلئے دعا کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب یوم شہدا پولیس کے موقع پر مال روڈپر پولیس شہدا کی یادگار پر پہنچے اور شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں دینے والے پولیس افسران اور جوانوں کی جرأت کو سلام پیش کرتا ہوں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کاحکم دیتے ہوئے آج صوبائی پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔ادھر وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ بھارت کے زیرتسلط غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاک ڈاؤن کو ایک سال مکمل ہوگیا مگر کشمیریوں کے دکھ کم نہ ہوئے ۔کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے رواں ہفتے بارشوں کے خدشہ کے پیش نظرواساز اور لوکل گورنمنٹس کو اربن فلڈنگ کے حوالے سے پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں اور بازاروں میں پانی کھڑا ہوا تو سخت ایکشن لوں گا۔ سڑکیں پانی میں ڈوب جائیں اور افسر دفتروں میں بیٹھے رہیں یہ کیسی فرض شناسی ہے ۔