لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال) ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کی ذاتی معلومات طلب ،سرکاری ملازمین کے ’’ ذاتی کیر ئیر پلاننگ چارٹ‘‘ کی تیاری شروع کردی گئی ۔ملازمین کی ذاتی معلومات کے علاوہ ان کی میڈیکل درجہ بندی ، تعلیم، ٹریننگ، وفاقی و صوبائی اداروں میں انکوائریوں جیسی تفصیلات بھی چارٹ کا حصہ ہیں۔معتبراورمصدقہ ذرائع کے مطابق سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر پنجاب کے صوبائی اداروں، خود مختار اداروں، ذیلی اداروں، ضلعی حکومتوں کے تحت کام کرنے والے اداروں، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بھجوایا گا ’’INDIVIDUAL CAREER PLANNING CHART‘‘چار صفحات پر مشتمل ہے ۔جس میں سرکاری ملازم/آفیسر کی ذاتی معلومات میں ان کا نام، ولدیت، پتہ، موجودہ جائے تعیناتی پر تقرری کی تاریخ، کس سروس گروپ کے ساتھ تعلق ہے ،بیچ، سینارٹی پوزیشن کے علاوہ موجودہ پے سکیل، موجودہ آسامی پر تعیناتی سے قبل سابقہ کس ادارے میں تعیناتی تھی ،ڈومیسائل، پاسپور ٹ نمبر، این ٹی این نمبر، قومی شناختی کارڈ نمبر مادری زبان، موجودہ محکمہ جہاں تعیناتی ہے ، موجودہ گریڈ میں تعیناتی کی تاریخ، مذہب اور تاریخ پیدائش جیسی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی میڈیکل کیٹگری میں سابقہ ہسٹری، کس بیماری میں مبتلا ہے ، آخری بار کب چیک اپ کروایا جیسی معلومات دینا لازم ہیں۔ تو تعلیمی قابلیت میں اکیڈیمک، سپیشلائزیشن، ملک ، سال، یونیورسٹی/بورڈ کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ تاہم انکوائریز کی بابت معلومات میں نیب، انٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ، ایف آئی اے ،پولیس ، پیڈاا و دیگر اداروں میں جاری انکوائریز کی بابت تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق اگر ملازم/افسر کی بیوی یا شوہر بھی سرکاری ملازمت کا حصہ ہیں تو اس کا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، ادارہ ، قومیت، خاندان کے ممبران کی تعداد بھی دینا لازم ہیں۔ یہی نہیں سرکاری ملازمین کے رابطہ نمبرز موبائل نمبر، ای میلز، لینڈ لائن نمبرزموجودہ پتہ بھی دینا لازم ہو گا۔جبکہ اگربیرون ملک ٹریننگ کی ہے تو اس کی تفصیلات بھی فراہم کی جانا ضروری ہیں۔سرکاری ملازم کے اثاثوں کی تفصیلات کے علاوہ ملازمت میں آنے کے بعد سے تاحال ہونے والی ترقیوں کی تفصیلات بھی ’’ ذاتی کیر ئیر پلاننگ چارٹ‘‘ کا حصہ ہوں گی۔