لاہور(احتشام الحق) قومی کرکٹ ٹیم سکواڈ کے انگلینڈ میں کئے گئے پہلے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس پی سی بی کو موصول ہو گئی ای سی بی کے میڈیکل پینل کی رپورٹ کے مطابق 20 کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے 12 اراکین کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ٹیسٹ منفی آنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا، ابتدائی روز کھلاڑیوں نے ایک سیشن میں اڑھائی گھنٹے تک ٹریننگ کی۔ آج سے کھلاڑی بتدریج ٹریننگ میں اضافہ کریں گے ۔ ابتدائی روز ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سہہ پہر کے ٹریننگ سیشن میں اپنے معاون کوچز کی مدد سے ڈیڑھ گھنٹے تک ٹریننگ کرائی۔ پہلے روزواحد سیشن ہوا جس میں کھلاڑیوں نے وارم اپ ایکسرسائز کے بعد نیٹس میں بیٹنگ اور باؤلنگ کی ٹریننگ کی۔ بیٹنگ کوچ یونس خان نے اور مصباح الحق نے اظہر علی، بابر اعظم اور اسد شفیق کوانگلش کنڈیشنز میں بیٹنگ کی ٹپس دیں جبکہ باؤلنگ کو چ وقار یونس نے فاسٹ باؤلر کو اپنا ردھم حاصل کرنے کے لئے ٹپس دیں۔ سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے بھی کھلاڑیوں کو گائیڈ کیا۔دوسری طرف پاکستان میں موجود ، محمد حفیظ سمیت چھ کھلاڑیوں کے کوویڈ19 کا ٹیسٹ دوسری مرتبہ منفی آ گیا جس پراب یہ کھلاڑی نگلینڈ جا کر وہاں پہلے سے موجود سکواڈ میں شامل ہو جائیں گے ۔ فخر زمان،محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان،شاداب خان اور وہاب ریاض سمیت دس کھلاڑیوں کے 22جون کو لئے گئے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں قرنطینہ کر دیا گا تھا مگر محمد حفیظ کے پرائیویٹ ری ٹیسٹ منفی آنے پر پی سی بی نے ان دس کھلاڑیوں کے ری ٹیسٹ26جون کو کرائے تھے جن میں سے چھ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آ گئے تھے جس پر ان کے تیسری بار کورونا ٹیسٹ سیمپل 29جون کو لئے گئے تھے جو دوسری بار بھی منفی آ ئے جس پر ان چھ کھلاڑیوں کوانگلینڈ جانے کے لئے اہل قراردے د یا گیا ہے ۔ کورونا ٹیسٹ مثبت والے چار کھلاڑی حارث رؤف، عمران خان، کاشف بھٹی اور حیدر علی بدستور قرنطینہ میں رہیں گے اور عرصہ پورا کرنے کے بعد ان کے دوبارہ کرونا ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔ یہ کھلاڑی بھی دو بار کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر انگلینڈ جا سکیں گے۔