لاہور ( نیٹ نیوز ) ایران کی ملکہ حسن نے تہران میں زندگی کو خطرہ لاحق ہونے پر فلپائن میں پناہ کے حصول کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق بہارے زارع بہاری نے 2018ء کے انٹرکونٹیننٹل مقابلہ حسن میں ایران کی نمائندگی کی تھی اس وقت فلپائن کے امیگریشن بیورو کی زیر حراست ہیں۔ گزشتہ ہفتے فلپائن کے شہر منیلا کے نینوئے اکینو ایئر پورٹ پر روکا گیا تھا۔امیگریشن بیورو کا کہنا ہے کہ انہیں انٹرپول کے ایک نوٹس کی وجہ سے فلپائن میں داخلے سے روکا گیا۔ یہ نوٹس ایک ایرانی شہری کی جانب سے انکے خلاف حملے اور بیٹری سے متعلق کیس دائر کرنے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ تاہم بہاری نے ایسے کسی بھی غلط اور غیر قانونی کام میں ملوث ہونے کی تردید کی ۔ان کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف کیس جعلی ہے ۔ ان کے مطابق حزب اختلاف کے ایک رہنما کی حمایت کرنے ، مقابلہ حسن میں حصہ لے کر روایتی اقدار کی خلاف ورزی کرنے اور خواتین کے حقوق کے لیے بولنے پر ایران انہیں نشانہ بنا رہا ہے ۔یاد رہے جنوری میں منعقدہ مقابلے میں بہاری ایران کے اپوزیشن رہنما اور ایران کی نیشنل کونسل کے بانی رضا پہلوی کی تصویر اٹھائے سٹیج پر جلوہ گر ہوئی تھیں۔