اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست کی جانب سے اب تک نظر انداز پاکستانی میری ترجیح ہیں۔ عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک سائیکل پر کچرا اکٹھا کرنے والے بچے کی تصویر شیئر کی ، اس کے ساتھ عنوان میں انہوں نے لکھا کہ یہی پاکستانی میری ترجیح ہیں جنہیں ہماری ریاست نے اب تک نظر انداز کیا ہے ۔اس سے پہلے وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا کو سرسبز بنانے کی کوششوں پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ایبٹ آباد کے علاقے جدکر بانڈہ بدلینڈ سائٹ کو پاکستان گرین مہم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا حکومت کو 10 بلین ٹری سونامی ہدف کے حصول کی دوڑ میں سب سے آگے بڑھنے پر مبارکباد پیش کی ۔ اس دوران عمران خان نے جدکر بانڈہ بدلینڈ سائٹ کی پرانی اور نئی تصاویر بھی شیئر کیں ، جن میں بنجر نظر آنے والی جگہ بعد ازاں پودوں سے بھری نظر آرہی ہے ۔