اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے ’’ تباہی کا ایک سال ‘‘کے نام سے حکومت کے خلاف رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ہٹلر کے مظالم کا ذکر تو بہت کرتے ہیں مگر وہ خود ہٹلر سے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں ،سلیکٹڈ حکومت نیب میں سلیکٹڈ ترامیم چاہتی ہے ،اگر اپوزیشن سے رابطہ کیا گیا تو اپنی تجاویز دیں گے ،حکومت کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری مظالم کے خلاف عالمی سفارتکاری تیز کرے ۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے رہنما نفیسہ شاہ اور حیدر زمان قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نفیسہ شاہ نے کہا فردوس عاشق اعوان نے حکومت کی جو کارکردگی بتائی ہے اس میں کچھ بھی نہیں، پیپلزپارٹی نے تباہی کا ایک سال کے نام سے حکومت کے خلاف رپورٹ جاری کردی، سلیکٹڈ حکومت نے تاریخی مہنگائی کی ہے اس کا تفصیل سے ذکر ہے ، اس ایک سال میں سیاست کی تباہی کی گئی، جنوبی پنجاب کا وعدہ پورا نہیں ہوا،کراچی کے ایک جگہ سے کچرا اٹھا کر دوسری جگہ پھینکنے کی تفصیلات شامل کی گئی، زراعت کی ایک منظم انداز میں ایک سال میں تباہی کی گئی ۔ انہوں نے کہا ہٹلر کا نازی ازم تھا اور عمران خان کا نیازی ازم لاگو کیا گیا ہے ۔