لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا ہے کہ تبدیلی کی راہ میں ہمیشہ رکاوٹیں آتی ہیں لیکن ہمارا حوصلہ بلند اور عزم پختہ ہے ،رکاوٹوں کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے ،سچ کی سیاست کرتے ہیں،جھوٹ کے دعوؤں کے قائل نہیں،انتشار کی سیاست کرنیوالے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے ،ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے روضہ رسولﷺ کے کلید بردار شیخ نوری محمدعلی نے ملاقات کی،شیخ نوری محمد علی نے پاکستان کی ترقی،خوشحالی،استحکام اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی دعا کی۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے اوکاڑہ کے علاقے میں بزرگ خاتون پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی ۔ادھر وزیر اعلیٰ نے بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرپشن نے پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا،نیا پاکستان مکمل طور پر کرپشن سے پاک، اقبال کے خواب اور قائد کی سوچ کا عکاس ہو گا، ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے نیک نیتی و ایمانداری سے آگے بڑھیں گے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے میانوالی کی تحصیل پپلاں میں گاڑی نہر میں گرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ نے سی سی پی او لاہور سے محمود بوٹی روڈ پر ڈولفن اہلکار کی شہادت کا واقعہ پر رپورٹ طلب کر لی۔