ملتان(خصوصی نیوز رپورٹر، 92نیوز رپورٹ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے ۔ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، کرپٹ اور بوسیدہ نظام کی تبدیلی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔سینیٹ الیکشن شفاف کرانے پر اپوزیشن کا احتجاج سمجھ سے باہر ہے ۔سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے ۔ اپوزیشن نے ہمیشہ پیسہ کے بل بوتے پر سیاست کی ہے ۔ یہ لوگ پرانا پاکستان چاہتے ہیں جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں، اپوزیشن کو سینٹ الیکشن میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے ، شکست کے خوف کی وجہ سے اپوزیشن اوپن بیلٹنگ کی مخالفت کر رہے ہیں، عوام نے 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف کو بھر پور کامیابی سے نواز کر اقتدار کی مسند پر فائز کیا۔سینٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔دریں اثنا شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری ہوچکا ہے الیکشن اپنی مقررہ تاریخ کو ہوں گے کچھ ایم پی اے ناراض ہیں جن سے رابطہ کیا جا رہا ہے ، 2018 میں جن لوگوں نے ہارس ٹریڈنگ کے ذریعہ ہاتھ گندے کیے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ملک میں ایسی کوئی پارٹی نہیں جس نے اپنے بیس ممبر نکال دیئے ہوں۔ میری نظر میں جن کے پاس وزارت عظمیٰ کا قلمدان رہا ہو انہیں یہ الیکشن نہیں لڑنا چاہیے ، نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے برطانیہ حکومت سے رابطے میں ہیں۔