لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیرچیمہ نے 92نیوز کے پروگرام ’’ کراس ٹاک‘‘ میں کہا ہے کہ وزیراعظم کے عشائیہ میں شرکت نہ کرنا کوئی حیران کن بات نہیں ، شرکت نہ کرنے کا فیصلہ پارٹی کا ہے ،ہم حکومت کے اتحادی ہیں، بجٹ کے حق میں ووٹ بھی ڈالیں گے اس پر ہمارے کوئی اختلافات نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ تحفظات ہونگے تبھی ہم عشائیے میں نہیں گئے ، بہت سے معاملات ہیں جنہیں ہم اتحادی کے ساتھ بیٹھ کر ڈسکس کرینگے ۔ شکوے ضرورہیں لیکن ان کا اظہار ٹاک شوز پر نہیں کیاجاسکتا ۔ وزیراعظم مناسب سمجھیں گے تو معاملات حل ہوجائیں گے ۔ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بجٹ میں ق لیگ نے پنجاب اور وفاق میں بہت اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ وفاق کے بجٹ میں بھی رخنہ نہیں ڈالیں گے ، جمہوریت کی خوبصورتی یہی ہے کہ ا س میں ا ٓمریت نہیں چلتی اور سب اپنااظہار خیال کرتے ہیں ۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ چودھری برادران جو با ت اور وعدہ کرتے ہیں ا سکو پورا کرتے ہیں ، اتحادیوں سے کئے گئے وعدے پورے کرینگے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر نثار احمد نے کہا کہ ایوان میں پی ٹی آئی کے جو چند با ضمیر ارکان ہیں وہ بھی پشیمان تھے کیونکہ پٹرول کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ حکومت نے عوام پر ظلم کی انتہا کر دی اور عوام بھی ا لیکشن میں پی ٹی آئی کو بھرپور جواب دینگے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظور احمد نے کہاکہ پی ٹی آئی نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے ، وعدے پورے نہ ہونے سے پی ٹی آئی کے اندر بہت ارتعاش ہے یہ ارتعاش جلدی نہیں بلکہ اس کو حکومت کا آخری سال ہی سمجھاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی نہ چاہتی تو یہ اسمبلی کھڑی ہی نہیں ہوسکتی تھی ۔