لاہور؍اسلام آباد؍کراچی؍ڈیرہ غازی خان(مانیٹرنگ ڈیسک؍سپیشل رپورٹر؍ سٹاف رپورٹر؍ڈسٹرکٹ رپورٹر) نومنتخب وزیر اعظم عمران خان نے سردارعثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے تحریک انصاف کا امیدوار نامزد کردیا ۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں نومنتخب وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کا تعلق پنجاب کے انتہائی پسماندہ علاقے ڈیرہ غازی خان سے ہے اور یہ واحد ایم پی اے ہیں جن کے گھر میں بجلی نہیں ہے اور یہ پسماندہ علاقوں کے مسائل کو حل کرنا جانتے ہیں، مجھے امید ہے کہ سردار عثمان بزدار وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔عمران خان نے مزید کہاکہ پنجاب کے جنوبی علاقوں میں لوگوں کو پانی اور بجلی کے مسائل درپیش ہیں اور ان سب مسائل سے نمٹنے کی اہلیت سردار عثمان میں ہے ۔یاد رہے سردار عثمان بزدار پی پی 286 سے ایم پی اے منتخب ہوئے ، انکا تعلق تونسہ شریف کے علاقے بارتھی سے ہے ، وہ 2001 اور 2005 میں تحصیل ناظم ٹرائیبل ایریارہ چکے ہیں، 2013 میں ن لیگ کے ٹکٹ پر پی پی 241 کی نشست پر شکت کھاگئے تھے ۔انہوں نے پانچویں تک تعلیم گورنمٹ بوائز پرائمری سکول بارتھی سے حاصل کی، میٹرک بوائز ہائی سکول تونسہ شریف اور بعدازاں گورنمٹ کالج بوسن روڈ سے گریجویشن کی جبکہ بی زیڈیو سے ایل ایل بی اور ایم اے پولیٹیکل سائنس کی ڈگریاں حاصل کیں۔ عثمان بزدار کے پانچ بھائی اور پانچ بہنیں ہیں،ان کے والد بزدار قبیلے کے چیف سردار فتح محمد بزدار 3 بار رکن اسمبلی رہے ۔ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کیلئے انتخاب کل ہوگا۔ن لیگ کی جانب سے حمزہ شہباز وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں ۔ادھر نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا،گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے حلف لیا۔محمود خان نے کابینہ کے حوالے سے مشاورت شروع کردی ہے ۔ اشتیاق ارمڑ، شاہ محمد خان، خلیق الرحمان، ضیا اﷲ بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے ۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عاطف خان اور شہرام ترکئی کو سینئر وزیر بنایا جائے گا۔نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج حلف اٹھائیں گے ،قائمقام گورنرسندھ آغاسراج درانی حلف لیں گے ،حلف برداری کے بعد سندھ کابینہ بھی حلف اٹھائے گی۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سٹاف سے الوداعی ملاقات کی۔بلوچستان اسمبلی میں نئے قائد ایوان کا انتخاب آج ہوگا۔مخلوط پارلیمانی گروپ نے جام کمال اور اپوزیشن نے یونس عزیز کو نامزد کر دیا ہے ۔ عثمان بزدار؍نامزد