اسلام آباد،لاہور (خبر نگار،92 نیوزرپورٹ، وقائع نگار) تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات بحال ہو گئیں ، الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی نے آج اجلاس طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس صبح 11 بجے ہوگا ، کمیٹی نے تحریک انصاف کے بانی رکن اور درخواست گزار اکبر ایس بابر کو بھی طلب کیا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی حلقہ NA-75سیالکوٹ اور صوبائی اسمبلی حلقہ PP-51گوجرانوالہ میں 19 فروری کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں اورضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان، متعلقہ حلقوں کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر کو ضمنی انتخابات کی تیاریوں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کاروائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنرنے بریفنگ کے بعدضمنی انتخابات کی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو تاکید کی کہ تمام امور کو مقررہ وقت کے اندر پایۂ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ انتخابات کی شفافیت اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور دیگر عناصر کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت سخت سے سخت کاروائی کر ے گا اور اس ضمن میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔