اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف آج ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کرے گی، تیاریاں مکمل کر لی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آج لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر بھر پور احتجاج کرے گی ۔ دریں اثنا چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ عمران خان نے کارکنان کو چھبیسویں یومِ تاسیس کی مبارکباد دی ۔عمران خان نے اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے ضمن میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے اور کل لاہور آنے اور پشاور ملتان کے دوروں کا بھی اعلان کیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیاگیا ۔ عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سب اسلام آباد آنے کی تیاری کرلیں، چندہفتے میں کال دوں گا۔جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا، عوام نے میرے ساتھ بیٹھنا ہے ۔علاوا زیں عمران خان نے ٹویٹ میں کہاکہ امریکی سازش کیخلاف جنگ لڑنے پر میں سوشل میڈیاکے اپنے تمام جنگجوؤں کاشکریہ اداکرتاہوں۔شہباز گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی فنڈنگ کے نام پر رشوت کا پیسہ اپنے اکائونٹ میں ڈالتی رہی،تمام پارٹیوں کی فنڈنگ کا فیصلہ ایک ساتھ کرنے کا حکم ایک بہترین فیصلہ ہے ، اب آئے گا اونٹ پہاڑ کے نیچے ۔ اسلام آباد،دینہ(سپیشل رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے 26ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اسدعمر نے مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ غیرمعمولی چیلنجز کے باوجود تحریک انصاف کے دور میں ریاست کے سینے میں نچلے طبقے کیلئے رحم و احساس کو خصوصی طور پر زندہ کیا گیا،ہمیں غیر جانبدار الیکشن کے لئے نئے چیف الیکشن کمشنر کی ضرورت ہے ، الیکشن کمیشن لوٹوں کو نااہل کرے ۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ یوم تاسیس پر پورے ملک کے کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں ۔دوسری جانب سابق فواد چو دھری نے اپنے آبائی گھر لدھڑ دینہ میں افطار ڈنر کی تقریب اور صحافیوں سے خطاب کرتے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے کارکن کا کردار ادا کر رہا ہے ، حکومت چند ہفتے کی مہمان ہے ، ان کی کابینہ اس طرح لگتی ہے جس طرح سنٹر ل جیل کا رجسٹر کھول لیا ہو ۔ سابق و فاقی وزیر حماد اظہر نے کہاکہ عمران خان پاکستان کی خودداری کے لئے بہت بڑی جنگ لڑ رہے ہیں ، اگلا الیکشن پاکستان کی خود داری اور غلامی کے فیصلے کا الیکشن ہے ، الیکشن انشاء اللہ ہم کرائیں گے امپو رٹڈ حکومت چند ہفتے کی مار ہے ۔