کراچی(سٹاف رپورٹر)ترجمان پی آئی اے نے وزیر ہوا بازی کی جانب سے پی کے 8303 کے طیارہ حادثہ کے نتیجہ میں 97 قیمتی جانوں کے ضیائع کے بارے میں پارلیمنٹ میں مشترکہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے کمپنی میں حفاظت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے پی آئی اے کے عزم کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ائر لائن کے حفاظتی معیار میں بہتری لانے کے لئے انتظامیہ پہلے ہی اصلاحی اقدامات کا ایک اضافی سلسلہ شروع کر چکی ہے ۔ اس دوران پی آئی اے نے مزید 15 ایسے پائلٹوں کا سراغ لگاتے ہوئے ان کو گراؤنڈ کر دیا اور ان سب کی کلیئرنس کو انکوائری بورڈ کے نتائج تک التوا میں ڈال دیا گیا۔اس اندوہناک واقعے کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال کے بعدپی آئی اے اس عمل کو مزید شفاف بنانے اور اس میں بہتری لانے کے لئے ریگولیٹر کو اضافی سفارشات پیش کرے گی ۔ دریں اثنا پی آئی اے نے سی اے اے پاکستان کو ایک خط لکھا کہ مشکوک پائے جانے والے دوسرے پائلٹوں کو فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لئے گراؤنڈ کر دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ حفاظتی امور پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے فوری طور پر سینئر کیپٹن کی سربراہی میں فلائٹ ڈیٹا مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے جس کی بنیاد پر اصلاحی یا احتیاطی اقدامات لئے جائیں گے ۔ ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پی آئی اے کے لئے اپنے مسافروں کی حفاظت سب سے مقدم ہے اور پی آئی اے کے آپریشنل حفاظتی معیارات کسی بھی طرح ایوی ایشن کے بین الاقوامی اصولوں کے مساوی ہیں۔