پشاور(92نیوز)جنوبی کوریا کے بدھ بھکشو سلسلے کے ممتاز رہنما وان ہینگ نے اپنے دیگر مذہبی پیشواؤں کے ہمراہ گزشتہ روز تخت بھائی میں موجود بدھ مت کے مقدس مقامات کا دورہ کیا۔وفد میں 8 خواتین سمیت بدھ مت کے 45 مذہبی پیشوا شامل تھے ۔ وفد نے تخت بھائی میں بدھ مت کے 2000 سال سے زائد قدیم مقدس مقام پر اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ تخت بھائی آثار قدیمہ ورلڈ ہیریٹج کی فہرست میں بھی شامل ہے ۔وفد نے صوبے میں بدھ مت کے مقامات کو محفوظ بنانے پر خیبر پختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وان ہینگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مقدس مقامات کو محفوظ کرنا بین المذاہب ہم آہنگی کی اعلیٰ مثال ہے ۔ دریں اثنا وفدنے گورنر ہاؤس پشاورکا دورہ کیا ،جہاں گورنر نے وفدکے اعزازمیں عشائیہ دیا۔