کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین )دہشت گردوں کی جانب سے تخریبی کارروائیوں میں امونیم نائٹریٹ کے استعمال کے خدشہ کے پیش نظرسندھ حکومت الرٹ ہوگئی ہے ۔بندرگاہوں اور گوداموں میں امونیم نائٹریٹ کی موجودگی پرسکیورٹی اقدامات اورمنتقلی پرنظررکھنے کا حکم دے د یاگیا ہے ۔بیروت دھماکے کے بعد سندھ حکومت نے حساس اداروں کی مدد سے امونیم نائٹریٹ کی منتقلی اورذخیرہ کی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ امونیم نائٹریٹ کو فیول آئل کے ساتھ ملانے کی تکنیک کو بڑے پیمانے پر تعمیراتی صنعت میں استعمال کیا جارہا ہے ۔معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے وفاقی حکومت کے توسط سے کراچی کی دونوں بندرگاہوں پورٹ قاسم اورکراچی پورٹ پرنئے سکیورٹی اقدامات کے لیے خط لکھ دیا ہے ۔سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امونیم نائٹریٹ بو کے بغیر قلمی صورت میں پایا جانے والا شفاف مادہ ہے جسے بطورکھاد استعمال کرنے کے لیے ملک بھرکی کھاد فیکٹریاں درآمدکرتی ہیں ۔ حکومت سندھ نے امونیم نائٹریٹ کی صوبے میں موجودگی کا پتہ چلانے کے لیے کئی اداروں کوٹاسک سونپ دیا ہے اوراس کی ملک میں درآمد کوپیشگی اجازت سے مشروط کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔کراچی میں واقع صنعتی اداروں میں امونیم نائٹریٹ کی موجود گی کا پتہ چلانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اورحساس اداروں کوٹاسک دیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے امونیم نائٹریٹ کی درآمد اورملک بھرکے صنعتی اداروں کوسپلائی وذخیرہ کرنے تک کے تمام معاملات کوضابطے میں لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وفاقی حکومت سے ملکر اقدامات بروئے کارلائے جارہے ہیں۔