اسلام آباد( آن لائن )اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر فریدہ راشدنے کہا ہے کہ تاجر زرعی شعبہ کی بحالی کے اقدامات کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔دیہی آبادی کی حالت زار بہتر بنانے سے ملک ترقی کرے گا اور فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔کسانوں کو کھاد کی مد میں چالیس ارب روپے کا ریلیف دینا خوش آئند ہے ۔حکومت نے گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کر کے عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے ۔فریدہ راشد نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ زرعی شعبہ کو بہتر بنانے کے لئے زمینی حقائق کے مطابق نئی زرعی پالیسی ،سیڈ ایکٹ میں ترمیم، آڑھتیوں اور سود خوروں کا کردار کم کرنے اور منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کی حوصلہ شکنی کی فوری ضرورت ہے ۔ سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والے زرعی شعبہ کی گرتی ہوئی کارکردگی ملکی معیشت اور برامدات کیلئے بڑا خطرہ بن گئی ہے۔