اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) مختلف ممالک کے سفارتکاروں کے 27 ویں جونیئر ڈپلومیٹک کورس کی گریجوایشن تقریب کا وزارت خارجہ میں انعقاد ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سابقہ سیکرٹریز خارجہ اعزاز چوہدری، تہمینہ جنجوعہ،ڈائریکٹر جنرل فارن سروس اکیڈمی آفتاب کھوکھر اور وزارت خارجہکے اعلیٰ حکام،غیرملکی سفیروں نے شرکت کی ۔ پارلیمانی سیکرٹری خارجہ عندلیب عباس نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نمائندگی کرتے ہوئے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب سے خطاب میں پارلیمانی سیکرٹری عندلیب عباس نے کہاکہ ہماری خارجہ پالیسی میں افریقہ کو خصوصی اہمیت حاصل ہورہی ہے ،افریقہ کے ساتھ معاشی، سٹرٹیجک اور سیاسی تعلقات کو مزید وسعت دینے جارہے ہیں۔سارک تنظیم کے قیام کے 35سال کے عرصے میں سارک ممالک کے درمیان تعاون میں ٹھوس پیش رفت دیکھنے میں آئی لیکن اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان امن کے سفیر کے طور پر جانے جاتے ہیں ،سفراء کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں،فارن سروس اکیڈمی ملکی اور غیرملکی سفارتکاروں کی تربیت کا بہترین ادارہ ہے ۔اکثر پاکستان سے تربیت پانے والے غیرملکی سفارتکار پاکستان کے سفیر بن گئے ہیں۔تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے 19 فارن ڈپلومیٹس کو اسناد سے نوازا گیا۔