اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ترسیلات زر 11.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ سال کے اختتام تک حجم 24 ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچ جا ئیگا۔وزارت خزانہ کے مطابق نئے حکومتی اقدامات اور گزشتہ 5 سال کے اعداد و شمار کو سامنے رکھتے ہوئے رواں مالی سال کی دوسری ششماہی میں ماہ رمضان اور عید الفطرکی وجہ سے ترسیلات زر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور 24 ارب ڈالر کا ہدف آسانی سے حاصل ہو نے کاامکان ہے ۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2019ء میں 2.097 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں جبکہ نومبر2019ء میں ترسیلات زر کا حجم 1.819ارب ڈالر رہا تھا۔پاکستانی کے خلیجی ریاستوں کے ساتھ تعلقات میں نمایاں بہتری سے ان ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی مانگ اور کھپت میں اضافہ ہوا ہے ۔دسمبر2019ء سے بیرون ملک سے 100ڈالر سے زائد اور 200 ڈالر سے کم ترسیلات زر پاکستان بھیجنے پر اٹھنے والے 10 سعودی ریال کے برابر لاگت کے مساوی رقم واپس کی جائیگی۔اسی طرح 200 ڈالر یا اس سے زائد کی ترسیلات زر پر20 سعودی ریال کے برابر واپسی جاری رہے گی۔وزارت خزانہ کے مطابق حکومتی اقدامات بالخصوص ٹی ٹی چارجز سکیم کے تحت ترسیلات بھیجنے پر اخراجات کی واپسی، ادائیگیوں کے نظام میں بہتری، سعودی عرب کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے ویزہ میں نرمی اور افرادی قوت کی بیرون ملک کھپت سے ترسیلات زر میں آنے والے مہینوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ ترسیلات زر