اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوزرپورٹ) وزیراعظم نے کہا ہے کہ کوروناکے خاتمے تک مقروض ملکوں کو قرضوں کی ادائیگی میں رعایت دی جائے ۔ اقوام متحدہ کے زیراہتمام تجارت وترقی سے متعلق کانفرنس کے چوتھے سیشن سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا بلاتفریق امیر اور غریب سب کو متاثر کررہا ہے ، ہمیں لوگوں کو وبا اور بھوک سے بچانا ہے ،کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ترقی یافتہ ممالک میں لگائی جارہی ہے ، وباکے تدارک کے لئے سہولیات میں اضافہ کیا جائے اور ترقی پذیر ملکوں کو بلا تعطل ویکسین فراہم کی جائے ، عالمی سطح پر ویکسین کی دستیابی میں ابھی وقت درکار ہے ۔وزیر اعظم نے ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے ایک پانچ نکاتی ایجنڈا کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو مساوی اور قابل استطاعت ویکسین کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، وبائی مرض کے خاتمے تک ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی ادائیگی کو معطل کیا جائے اور متفقہ اور جامع کثیر الجہتی فریم ورک کے تحت ان کے پبلک سیکٹر کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی جائے ،کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں کے ذریعہ مراعاتی مالی اعانت میں توسیع کی جائے ، ادائیگی کے توازن کو کم کرنے میں مدد کے لئے 500 ارب ڈالر کے امدادی فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے ، بدعنوان سیاستدانوں اور مجرموں کے زیر قبضہ چوری شدہ سرمائے کی واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔وزیر اعظم نے کہا پاکستان میں ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو بیک وقت وبا اوربھوک سے مرنے سے بچائیں، اس سلسلے میں خوش قسمتی سے ہماری حکمت عملی موثر ثابت ہوئی لیکن وائرس کی دوسری لہر پر مکمل طور پر قابو پانے اور معاشی نمو کو برقرار رکھنے اور متحرک کرنے کے لئے بھی مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے کہا وبا کے خاتمے تک پائیدار ترقی کا حصول ایک خواب ہے ۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ممنوعہ غیرملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی، ہمارا دامن صاف ہے ، اپوزیشن نے جو گڑھا کسی کیلئے کھودا، اس میں خود گر گئی۔ انہوں نے کہا براڈشیٹ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، فائدہ اُٹھانے والے تمام عناصر کو بے نقاب کیا جائیگا، ن لیگ قبضہ مافیا کو سپورٹ کر رہی ہے ، زمینوں پر قبضہ کرنیوالوں کون لیگ کی سرپرستی حاصل رہی، سیاسی سرپرستی کے بغیر کوئی بھی قبضہ نہیں کرسکتا، قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے ، سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا، حکومتی ترجمان قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کریں، اپوزیشن کی خام خیالی ہے ، وہ پروپیگنڈا کر کے حقائق چھپالیں گے ، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کو سامنے لائیں گے ۔وزیراعظم نے غیرملکی ممنوعہ فنڈنگ پر اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی بھی ہدایت کردی۔ا جلاس میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی پر شہزاد اکبر، فواد چودھری اور فرخ حبیب نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں خرم دستگیر کے پٹرول پمپ سے بھی قبضہ واگزار کرکے فیملی پارک بنا دیا گیا۔الیکشن کمیشن میں زیر سماعت کیسز پر فرخ حبیب جبکہ براڈ شیٹ پر وفاقی وزیر فواد چودھری نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ مزیدبرآں وزیراعظم سے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ملاقات کی جس میں ڈرون اتھارٹی آرڈیننس کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔