وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تین اضلاع شیخو پورہ‘حافظ آباد‘ گوجرانوالہ میں یونیورسٹیوں کے قیام اور 25ارب روپے کے تعلیم‘صحت‘ کھیل سمیت متعدد نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان اور افتتاح کیا ہے۔ اس میں شبہ نہیں کہ گوجرانوالہ ‘شیخو پورہ ‘حافظ آباد اور سیالکوٹ جیسے شہروں میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی ازحد ضرورت تھی لیکن ان اضلاع سے نشستیں جیتنے کے باوجود سابقہ حکومتوں نے ان کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔جس کی وجہ سے شہریوں کوتعلیم ،صحت اور شاہرات کی تعمیر سمیت کئی کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔حکومت پنجاب کے نئے ترقیاتی منصوبوں سے نہ صرف ان شہروں میں تعلیم کے لئے فضا سازگار ہو گی بلکہ جامعات کے سب کیمپس بننے سے یہاں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لئے دوسرے شہروں کا سفرنہیں کرنا پڑے گا۔ گوجرانوالہ میں چلڈرن ہسپتال اور برن یونٹ کے قیام سے صحت کے مسائل مقامی طور پر حل ہونگے۔ سڑکوں اور فلائی اوورز کی تعمیر سے ان شہروں کا ایک دوسرے سے نہ صرف رابطہ مضبوط ہو گا بلکہ سفری سہولتیں بھی حاصل ہونگی۔ وزیر اعلیٰ کا پنجاب کے تمام 34اضلاع کو ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے اور ہر شہر میں نئے منصوبے شروع کرنے کا عزم قابل تحسین ہے۔جس سے پنجا ب میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا ‘ضرورت اس امر کی ہے کہ ان منصوبوں کے لئے جلد فنڈز فراہم کر کے ان کا آغاز کیا جائے تاکہ تمام منصوبے اپنے وقت مقررہ میں مکمل ہو سکیں۔