لاہور(نمائندہ خصوصی سے )چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پنجاب (آئی ڈیپ) کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔آئی ڈیپ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینا ہوگا۔ کسی بھی ادارے کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی نہایت اہم ہے ،آئی ڈیپ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے استعداد کار میں اضافہ کرے ۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ( پی پی پی) کے منصوبوں کی کامیابی میں یہ ادارہ اہم کردار ادا کر سکتاہے ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ شہروں کی طرح دیہی علاقوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔عوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل فراہم جا رہے ہیں۔دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کو پرکشش تنخواہ اور مراعات دی جارہی ہیں تاکہ وہ زیادہ محنت اور جذبے سے کام کریں۔ چیف سیکرٹری نے صوبہ میں 26ڈی ایچ کیو اور 16ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی کا کام مکمل کرنے پرآئی ڈیپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مزید 25ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی کیلئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے نشتر ہسپتال ٹو ملتان اور مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میانوالی کے پی سی ون کی منظوری اور اٹک یا بہاولنگر میں اسی طرح کے ہسپتال کے قیام سے متعلق تجاویز تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔