اسلام آباد (وقائع نگار) وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا ہیکہ ترکی کی رینٹل پاور کمپنی کارکے تنازع کو خوش اسلوبی سے حل کرتے ہوئے پاکستان پر عائد 1.2 ارب ڈالر جرمانے کی رقم بچا لی گئی۔ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ترکی کے صدر طیب اردوان کی مدد سے حکومت نے رینٹل پاور کمپنی کارکے کا حکومت پاکستان کے ساتھ تنازع کامیابی سے حل کرلیا ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ بین الاقوامی ثالثی ادارے (آئی سی ایس آئی ڈی) کی جانب سے پاکستان پر عائد کئے گئے 1.2ارب ڈالرز جرمانے کی رقم بھی بچا لی ہے ۔ انہوں نے اس کامیابی پر حکومت کی مذاکراتی ٹیم کو دلی مبارکباد بھی پیش کی۔ واضح رہے سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری نے ترکش رینٹل پاور پراجیکٹ کو غیر شفاف قرار دے کر معاہدے منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا، ترک کمپنی نے معاہدہ منسوخ ہونے پر ثالثی عدالت سے رجوع کیا اور پاکستان پر 2 ارب 10 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔