انقرہ ( اے ایف پی ، نیٹ نیوز ) ترکی کے تین شہروں کے کرد برادری کے حامی تین میئر برطرف کر د ئیے گئے ہیں۔ ان تینوں پر دہشت گرد تنظیموں کی معاونت کا الزام عا ئد کیا گیا ہے جبکہ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے ) کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں کم از کم 418 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ترک وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک کرد جماعت کے حامی تین شہروں دیار بکر، فان اور جنوب مشرقی شہر ماردین کے میئرز کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کے بعد ان کی جگہ نئے عہدیدار تعینات کئے گئے ہیں۔ ان پر دہشت گرد تنظیموں کی حمایت میں مہمات چلانے اور پروپیگنڈہ کرنے کے الزامات ہیں۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق گرفتاریاں ملک کے 29 صوبوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے عمل میں لائی گئیں۔ ترک حکومت کرد ملیشیا کے خلاف بڑے پیمانے پر تحقیقات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔