واشنگٹن، انقرہ ،دمشق ( را ئٹرز ، 92نیوزرپورٹ ،آن لائن، نیٹ نیوز ) ترکی اورامریکہ کے درمیان مذاکرات رنگ لے آئے ۔غیرملکی میڈیاکے مطابق ترکی نے شام میں فوجی کارروائیاں روکنے پر رضامندی ظاہرکردی۔امریکی صدرٹرمپ نے اس کا خیر مقدم کر تے ہو ئے ترکی سے اچھی خبرآنے کی تصدیق کردی۔ٹرمپ نے ٹویٹ کی کہ ترک صدررجب طیب اردوان کا شکریہ اداکرتاہوں۔ترک صدرکے اس فیصلے سے لاکھوں جانیں بچیں گی۔امریکی نا ئب صدر مائیک پینس نے ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کے بعد پر یس کانفر نس کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ترکی شمالی شام میں کر د جنگجو ئوں کیخلاف 5روز کیلئے جنگ بندی پر رضا مند ہو گیا ہے ۔ترک صدر اردوان اور ما ئیک پینس کے درمیان انقرہ میں 4گھنٹے تک ملا قات ہو ئی جس میں امریکی نا ئب صدر نے ترک صدر سے شمالی شام میں فوجی کاررو ائی روکنے کا مطالبہ کیا ۔مائیک پینس نے کہا کہ ترک فوج 5روز تک جنگ بندی کرے گی تاکہ اس دوران کر جنگجو علاقے سے نکل جا ئیں تاکہ علاقے میں سیف زون قائم کیا جا سکے ۔ امریکی نائب صدر نے شام میں کرد فورسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'وائی پی جی فورسز کے انخلا کے بعد شام میں جب مستقل سیز فائر ہوگا اس صورت میں امر یکہ ، ترکی کے کئی کابینہ ار کان اور متعدد ایجنسیوں پر عائد پابندیاں ہٹانے کیلئے بھی تیار ہے ۔ ادھر ترکی کی فوج نے راس العین شہر پر ایک نیا حملہ کیا ہے جس کے بعد تر ک فوج اور کر د جنگجو ئوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہو ئی ہیں ۔ترک فورسز نے ٹینکو ں کی مدد سے کر د ٹھکانوں پر گو لہ باری کی ہے ۔امریکی ایوان نمائندگان نے شمالی شام سے امریکی فوجیوں کے واپس بلانے کے فیصلے کیخلاف قر ارداد منظور کر لی ہے ۔شامی حکومت اور اس کے اتحادی روس کے فوجی کرد حکام کے ساتھ ایک سمجھوتے کے تحت سرحدی شہر عین العرب ( کوبانی ) میں داخل ہوگئے ہیں۔قبل ازیں ایک رپورٹ کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ کی جانب سے مسئلہ شام پر سمجھو تے کے حوالے سے خط کو کو ڑے دان میں پھینک دیا تھا ۔خط میں ٹر مپ نے اردوان کو مشورہ دیا تھا کہ سخت گیر نہ بنیں، بیوقوفی نہ کریں اورنہ ہی دنیا کو مایوس کر یں اور شام کے مسئلے پر سمجھوتہ کرلیں ۔ خط پر 9اکتوبر کی تاریخ درج ہے اور یہ شام سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد بھیجا گیا تھا ۔ ادھر امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شمالی شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کے فیصلے کی مذمت کی ہے ۔ گذشتہ روز ایوان میں شام سے امریکی فوج کی واپسی کے حوالے سے ایک قرار داد پر رائے شماری کی گئی جس میں ارکان کی اکثریت نے اس فیصلے کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ شامی فوج کامیاب پیش قدمی کرتے ہوئے بدھ کی رات کو کوبانی شہر کے مضافات تک پہنچ گئی۔