اسلام آباد(اظہر جتوئی)ترکی نے پاکستان کو 350 ملین ڈالر کی مشروط مالی معاونت دینے پر رضامندی ظاہر کر دی،جبکہ پاک ترک باہمی تجارت میں اضافہ کیلئے مقامی کرنسی میں تجارت کی جائیگی،اس سلسلے میں ایک دوسرے ملک میں بینکوں کی برانچیں قائم کی جا ئینگی۔ دستاویزات کے مطابق دونوںملک بینکنگ اور فنانس سیکٹر میں مختلف اقدامات اٹھا ئینگے ،ترکی مختلف شعبوں میں پاکستان کی ٹیکنیکل مدد کریگا،اس سلسلے میں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کیلئے کریڈٹ گارنٹی فنڈ قائم کیا جائے گا،اس سلسلے میں عوامی قرضوں کا انتظام کیا جائے گا۔ترکی اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیلئے فنڈز کی روک تھام کیلئے بھی معاونت فراہم کرے گا،ہاوسنگ فنانس انڈسٹری کا قیام اور پبلک پرائیویٹ فریم ورک بنایا جائیگا،اس کے علاوہ دونوں ممالک ماہرین کا تبادلہ اور مختلف ایریاز میں استعداد کار بڑھانے کی صلاحیت میں اضافہ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔اس حوالے دونوں ممالک کے درمیان شرائط و ضوابط بعد میں طے کئے جا ئینگے ،کرنسی کے تبادلہ کے مسائل کے پیش نظر اور پاک ترک باہمی تجارت میں اضافہ کیلئے مقامی کرنسی میں تجارت کی جائیگی۔ترکی ای کامرس اور انٹلیکچوئل پراپرٹی رائیٹس میں بھی پاکستان سے تعاون کریگا۔دستاویزات کے مطابق باہمی تعلقات میں اضافہ کیلئے سٹریٹجی اکنامک فریم ورک کا 5 سالہ روڈ میپ تیار کر لیا گیاہے جس کے تحت سرمایہ کاری،اور ٹیکنالوجی میں5 گنا اضافہ کیا جائے گا،اس فریم ورک پر عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ کی جائے گی۔