انقرہ،اسلام آباد،راولپنڈی(نیوز ایجنسیاں، سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ)ترکی کے مشرقی علاقوں میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں مزید چھبیس افراد جاں بحق اور488 سے زائد زخمی ہوگئے ،حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کاررائیوں کے تحت خیمے اور کمبل فراہم کرنا شروع کردیئے ،متاثرہ علاقوں میں شدید سردی ہے اور درجہ حرارت رات کو صفر تک گرجاتا ہے ،زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملکوں شام ،لبنان،لیبیااور ایران میں بھی محسوس کئے گئے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورو بحیرہ روم کے سیسمولوجیکل سنٹر نے بتایاریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی اور یہ دارالحکومت انقرہ سے 550 کلومیٹر مشرق میں واقع صوبہ الزیگ میں آیا، اس کے بعد درجنوں جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ترک وزیر صحت فخرالدین کوجہ دیگر وزرا کے ہمراہ متاثرہ علاقے میں پہنچ گئے ، الزیگ میں13 افراد ہلاک ہوئے ۔وزیر داخلہ سلیمان سویلوکے مطابق زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 30 افراد دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے ، زلزلہ تیسرے درجے کی شدت کا ہے جس کے لیے بیرونی امداد نہیں بلکہ قومی سطح پر امداد کی ضرورت ہے ۔ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں نے لوگوں کو متنبہ کیا کہ وہ زلزلے سے متاثرہ عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیااور کہاپاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک اور ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا مشکل کی اس گھڑی میں ترک قیادت اورعوام کے ساتھ ہیں۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ پاکستان کی طرف سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش کی گئی ۔ترک وزیر خارجہ نے اظہار تعزیت اور مدد کی پیشکش پر پاکستانی قیادت اور قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ضرورت پڑی تو ہم اپنے برادر ملک پاکستان کو ضرور مطلع کریں گے ۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا امدادی کاموں میں حصہ لینے کیلئے پاک فوج کے دستے تیارہیں،آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترکی میں زلزلے جانی نقصان پر شدید رنج اور غم کااظہار کیا اورترک حکام کے نام اپنے پیغام میں کہاپاک فوج کے دستے میں سپیشل ریسکیو اور ریلیف ٹیموں سمیت فیلڈ میڈیکل سہولیات بھی ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے ترکی کو فوری تعاون اور امداد کی پیشکش پہلے ہی دی جاچکی ہے ۔