ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے سے اب تک 20 افراد ہلاک جبکہ 786 زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے سترہ کلومیٹر دور زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.0 ریکارڈ کی گئی ہے۔ برادر اسلامی ملک ترکی میں زلزلے سے پاکستانی عوام دکھی ہیں۔ زلزلہ ایک ایسی ناگہانی آفت ہے جس کاقبل از وقت پتہ لگانا مشکل ہے۔ زلزلے نے کئی مرتبہ پاکستان میں بھی تباہی پھیلائی ہے۔ اس لیے اہل پاکستان اس کی اذیت سے آگاہ ہیں،جس شدت کا زلزلہ تھا اس تناسب سے اللہ تعالیٰ نے نقصان سے بچا لیا ہے ورنہ اتنی شدت کے زلزلے میں کسی ذی روح کا زندہ بچنا مشکل ہوتا ہے۔ زلزلے کے بعد سونامی سے بھی کافی نقصان ہوا ہے۔ ترکی نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ 2010ء میں جب سیلاب نے تباہی مچائی تو ترک صدر مدد کے لیے اہلیہ سمیت متاثرہ علاقوں میں آئے اور ترک خاتون اول نے اپنا ذاتی قیمتی ہار بھی متاثرین کو دیا تھا۔ صدر پاکستان وزیراعظم عمران خان‘ آرمی چیف سمیت کئی سیاسی رہنمائوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان کیا ہے۔دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان ترکی سے رابطہ کر کے مدد کے لیے سامان بھیجنے کی پیشکش کرے تاکہ ترک عوام کے ساتھ اخوت‘ محبت اور الفت میں مزید پختگی آئے۔