استنبول (این این آئی)صوبہ پنجاب کے شہر تلہ گنگ سے باہر میانوالی روڈ پر قائم مدرسہ بیت السلام کے طلبا نے ترکی میں ہونے والے ٹیکنالوجی کے سب سے بڑے فیسٹیول ’ٹیکنوفیسٹ‘میں نمایاں نمبروں سے فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کردیا۔ چار طلباء پر مشتمل ٹیم نے ٹیکنوفیسٹ 2020 کی پروجیکٹ ڈیٹیل رپورٹ میں سب سے زیادہ یعنی 100 میں سے 87 نمبر حاصل کر کے ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے ۔ ترکی کے شہر استنبول میں ٹیکنوفیسٹ کا انعقاد 22 سے 27 ستمبر تک کیا جارہا ہے ۔23 کیٹیگریز پر مشتمل اس فیسٹیول میں پاکستانی طالب علم ٹیکنالوجی فار ہیومینیٹی کی کیٹیگری میں شامل ہیں ۔ٹیکنوفیسٹ ایشیا کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی اینڈ اسپیس فیسٹیول ہے جس کا انعقاد ترکی میں سرکاری سطح پر کیا جاتا ہے ۔پاکستان کے نام کو روشن کرتے اس پہلو کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جارہا ہے اور ساتھ ہی طالب علموں کو خوب شاباشی اور مبارکباد بھی دی جارہی ہے ۔اس سے قبل بھی بیت السلام تلہ گنگ نے پاکستان میں کئی دیگر مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔