لاہور(سٹاف رپورٹر )تحریک منہاج القرآن لاہور نے میلاد مہم 2019 ء کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے ۔منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول کے عنوان سے مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے ، ماہ ربیع الاول کا والہانہ استقبال کیا جائیگا، 36ویں عالمی میلاد کانفرنس 11اور 12ربیع الاوال کی درمیانی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہو گی۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔ کانفرنس کی تیاریاں و انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں، عالمی میلاد کانفرنس امت مسلمہ کے اتحاد ، بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالمی میلاد کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے ۔ تمام مسالک کے جید علمائے کرام سیاسی، سماجی رہنماؤں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ بیرونی دنیا سے نامور سکالرز، مشائخ عظام، نعت خوان حضرات کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ جشن میلاد مصطفیﷺ کو پوری سج دھج سے منایا جائیگا، ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید نے ماڈل ٹاؤن میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل،چودھری افضل گجر،ثناء اﷲ خان،اخلاق حسین، حفیظ اﷲ جاوید، حاجی محمد اعجاز قادری، حاجی محمد حنیف قادری، شہباز حسین بھٹی، اسلم پرویز، حاجی غلام غوث، اسلم طاہر، سید جاوید مصطفی ، مقرب سلطان، حاجی محمد ارشد، علامہ امداد اﷲ شاہ، رمضان ایوبی و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔