نیویارک (ویب ڈیسک) ڈائپر بنانے والی ایک مشہور ملٹی نیشنل کمپنی نے نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک نئے اور خودکار نظام کا اعلان کیا ہے جسے اس سال کے اختتام تک مارکیٹ میں پیش کردیا جائے گا۔ اس نظام کو ’’سمارٹ ڈائپر‘‘ بھی کہا جارہا ہے ۔یہ نظام جسے ’’لومی‘‘ کا نام دیا گیا ہے ، انٹرنیٹ سے منسلک ہوگا اور نوزائیدہ بچے کے بارے میں تمام ضروری معلومات اس کے والدین کو ایک خاص ایپ کے ذریعے فراہم کرتا رہے گا۔ مثلاً یہ کہ بچے کا ڈائپر گیلا ہوگیا ہے ، اسے دودھ پیے ہوئے ایک گھنٹہ ہوچکا ہے ، بچے کو سوئے ہوئے دو گھنٹے گزر چکے ہیں وغیرہ۔یہ نظام ایک ہلکے پھلکے اور نرم بے بی ڈائپر کا حصہ ہوگا جو بچے کے معمولات سے لے کر اس کی صحت تک پر نظر رکھے گا۔ کمپنی نے یہ تو نہیں بتایا کہ ’’لومی‘‘ کی قیمت کتنی ہوگی لیکن اتنا ضرور کہا ہے کہ یہ عام بے بی ڈائپرز کے مقابلے میں بہت زیادہ مہنگا ہوگا۔