لاہور(جنرل رپورٹر )یونیورسٹی آف واشنگٹن، انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلیوایشن (IHME) یو ایس اے پاکستان میں مختلف بیماریوں کے حجم کا تعین کرنے کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف پرپبلک ہیلتھ (IPH)لاہور کے ساتھ اشتراک عمل کرے گا اور پوسٹ گریجوایٹ اور انڈر گریجوایٹ سطح پر تعلیم و تحقیق میں بھی تعاون فراہم کرے گا۔ یہ بات یہاں انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں یونیورسٹی آف واشنگٹن امریکہ کے ادارے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلیویشن (IHME) کے تعاون سے دو روزہ انٹرنیشنل ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس میں بتائی گئی۔یونیورسٹی آف واشنگٹن کے پروفیسر ڈاکٹر علی مقداد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم و صحت پر زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے اور معاشرے میں صنفی تضاد کو ختم اور سوشیو اکنامک انصاف کا فروغ صحت کے مسائل کو حل کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ IPHلیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے کہاکہ صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے "پرہیز علاج سے بہتر ہے " کے اصول پر صحت مند طرز زندگی اپنانے کے ساتھ بنیادی صحت کی ضروریات اور پریونشن پرتوجہ دینا ہوگی۔