مکرمی !تعلیم ملکی ترقی و خوشحالی اور قوموں کے اندر مثبت تبدیلیاں لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے جس سے معاشرہ کی سمتیں درست اور نسلیں بہتر زندگی گزارنے کے قابل ہوتی ہیں ۔ دنیا بھر کے ممالک کا تعلیمی نقطہ نظر سے تجزیہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ تعلیم کے سبب ہی ممالک آگے بڑھے اور ان کی معیشت ، اقتصادی ، سماجی اور معاشرتی پہلوؤں میں بہتری آئی ۔ پاکستان کے حوالے سے بات کی جائے تو ریاست کا بنیادی فرض ملک کے بچوں یا بچیوں کو تعلیم دینا اور سستی تعلیم دینا ہے لیکن یہاں پر تعلیم اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ اب سکولوں کے علاوہ کالجوں اور یونیورسٹیوں سے طالب علموں کے لئے عام ڈگری میں تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے بی ایس کی ڈگری ، ایم ایڈ ، بی ایڈ کی ڈگری بھی تین لاکھ سے کم نہیں ملتی ہے ۔ پاکستان میں خاندانی زندگی کو دیکھا جائے تو ایک خاندان تقریبا 5 افراد پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ کمانے والا صرف خاندان کا واحد فرد ہوتا ہے ۔ اگر تعلیم اتنی مہنگی ہو تو وہ کیسے اپنے 4 یا 5 بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوا سکتا ہے اگرچہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پرائیویٹ سکولوں میں تمام صوبوں میں تعلیم کے حصول کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کی ہے اور سکولوں میں فیسوں میں کمی لانے کے لئے فیصلے بھی کئے ہیں ۔ لیکن پاکستان میں ایسا مافیا موجود ہے جو کہ عدالتی احکامات اور فیصلوں پر بھی عمل درآمد نہ کرنے کے لئے بہت سے جواز تلاش کر لیتا ہے ۔ حکومت اس سلسلہ میں موثر اقدامات نہیں کر رہی ہے۔ (سید عارف نوناری )