لاہور ( پ ر)کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق کوبنیادی اہمیت حاصل ہے ۔ آج ترقی یافتہ ممالک کی نت نئی ایجادات سے دنیا میں جو انقلاب آیا ہے اس کی بڑی وجہ ان ممالک کے تعلیمی اداروں میں تحقیق پر زور دینا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ منہاج یونیورسٹی کے تمام تعلیمی شعبہ جات میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر خاص توجہ دی جاتی ہے اور کوالٹی آف ریسرچ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرزمنہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ایم فل ،اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں زیر تعلیم طلبائکے مقالہ جات کی جانچ پڑتال کرنے والی ریسرچ کمیٹی کے ممبران کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ طلبہ میں تعلیم کے ساتھ ساتھ معیاری تحقیق کے فروغ کیلئے یونیورسٹی تمام تر اقدامات کر رہی ہے تا کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ پاکستان کی وسیع ترین مارکیٹ میں اپنا مقام پیدا کر سکیں ۔تمام تعلیمی شعبہ جات میں عالمی معیار کی تحقیق کیلئے یونیورسٹی اپنے ہر بجٹ میں خطیر رقم مختص کرتی ہے ۔