اسلام آباد (وقائع نگار) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 15جولائی تک کورونا وباء عروج پر ہونے کے خدشے کو مد نظر رکھتے ہوئے سفارش کی ہے کہ تعلیمی اداروں کو اگست تک بند رکھا جائے ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ نیگٹو لسٹ میں شامل ریستورانوں کو صرف پارسل کی اجازت دی گئی، شادی ہالوں میں صرف مہمانوں کی ایک محدود تعداد ، ایک ڈش اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ اجازت دی جائے ۔ اسد عمر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ سال کی پہلی ساماہی میں کوروناکے اثرات کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں ۔ این سی او سی نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعدوزارت صحت کی تنظیم نو کی جائے ۔فورم کو یہ بھی بتایا گیا کہ وبائی مر ض کے بڑھتے ہوئے خطرے کو مد نظر رکھتے ہوئے وسائل میں اضافہ کیا جائے ۔ وفاقی وزیر برائے معاشی امور خسرو بختیار نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے مابین بہتر ہم آہنگی کے لئے قومی انٹیگریٹڈ مینجمنٹ سسٹم کو عمل میں لایا جائے ۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا اگرچہ ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا لیکن خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی سزا تجویز نہیں کی گئی ۔اجلاس میں اعجاز شاہ، فخر امام ، لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر معید یوسف اور تانیہ ادریس نے بھی شرکت کی۔