لاہور(جنرل رپورٹر)ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس آج ہوگی۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اجلاس کی صدارت کرینگے ۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس آن لائن ہوگا ۔ اجلاس میں صوبوں کی جانب سے تیار کردہ تجویز اور ادارے کھولنے کے حوالے سے تیار کردہ ایس او پیز کا جائزہ لیا جائے گا ۔ پنجاب کے دونوں شعبہ تعلیم کے ادارے فوری طور پر ادارے کھولنے کے حامی نہیں ہیں ۔ سکول ایجوکیشن کے وزیر مراد راس کہہ چکے ہیں اگر حالات بہتر ہوتے ہیں تو15اگست کے بعد سے سکول کھولے جانے چاہیئں اور پہلے مرحلے میں صرف لازمی جماعتوں جن میں نویں اور دسویں جماعت کو لگانے کی اجازت ہونی چاہیے جبکہ وزیر برائے اعلیٰ تعلیم راجہ یاسر کی جانب سے اگست کے پہلے ہفتے سے کالجز کو مرحلہ وار کھولنے کی تجویز ہے ۔دوسری طرف وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو 15 جولائی تک گرمی کی چھٹیاں دی گئی ہیں ۔