لاہور(جنرل رپورٹر)ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان نے ملکی حالات کے پیش نظر وزیر اعظم سے پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے لیے ’’تعلیمی ریلیف پیکیج ‘‘ کی استدعا کردی۔ چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کی جانب سے وزیر اعظم کے نام خط ارسال کردیا گیا۔خط میں وزیر اعظم سے استدعا کی گئی ہے کہ آپ کی توجہ ایک اہم مسئلے کی جانب دلانا چاہتے ہیں، اْمید ہے کہ آپ اس مشکل گھڑی میں ہمارے مسائل کو سمجھتے ہوئے ہوئے ملکی مفاد میں اہم فیصلے صادر فرمائیں گے ، ہم سب کے علم میں ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر’ قومی ایمرجنسی‘ کے اس دور میں جب ہر چیز لاک ڈائو ن کی طرف جا رہی ہے ، ایجوکیشن سیکٹر بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے ،اس قومی بحران کے موقع پر پرائیویٹ یونیورسٹیاں ’کرونا وائرس‘ کے خلاف جنگ میں ہمہ وقت آپ کے ساتھ کھڑی ہیں، حکومت کا ہر عمل ہمارے لیے ایک فرض کی حیثیت رکھتا ہے ،اس بحرانی کیفیت میں ہمیں اپنے اساتذہ کے لیے جن کا تمام تر انحصار ہم پر ہے ، آپ کی مالی سپورٹ درکار ہے تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں اور کسی بحرانی کیفیت کا شکار نہ ہوں، یہ وقت قومی یکجہتی کا ہے ، اس لیے اْمید ہے آپ ہمیں اس پریشانی سے نکلنے میں مدد فراہم کریں گے ، اس کے لیے چند تجاویز آپ کی گوش گزار کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہم ان مشکل حالات میں اپنے آپ کو اور اپنے سٹاف کو دیوالیہ ہونے سے بچا سکیں۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ ہماری سب سے پہلی ترجیح ہی ہمارے اساتذہ ہونے چاہیے ، اس گھمبیر صورتحال میں جب تک لاک ڈائون کی کیفیت ہے ، حکومت ان یونیورسٹیوں کے تدریسی و غیر تدریسی سٹاف کی تنخواہیں ادا کرکے نجی ایجوکیشن سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرے ،نیپرا اس دوران بجلی کے بلوں میں 50فیصد رعایت فراہم کرے ،رواں مالی سال میں پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے ذمہ تمام واجب الادا سالانہ فیس/ریگولیٹری فیس/ایکریڈیشن باڈیز کو ختم کر دیا جائے ، جن نجی یونیورسٹیوں نے کمرشل بینکوں سے قرض لیا ہے انہیں بھی مالی نرمی دی جائے ، حکومت بینکوں کو قرضوں کو دوبارہ ترتیب دینے یا ری شیڈول کرنے کی ہدایت کرے ، نجی یونیورسٹیوں کو خصوصی طویل مدتی سود سے پاک قرضوں کی پیش کش کی جانی چاہئے تاکہ بحران کے مالی اثرات کو کم سے کم تر کیا جاسکے ۔پروفیسر چو دھری عبدالرحمان کا خط میں کہنا ہے کہ وزیرا عظم کا اس حوالے سے دی جانے والی سہولیات تعلیمی میدان میں ایک بڑا قدم ہوگا جسے ہر سطح پر سراہا جا ئیگا ور ہم بطور قوم اس اقدام سے تعلیمی میدان میں مزید پیچھے جانے سے بچ جائیں گے ۔خط میں دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں اﷲ تعالیٰ ہم سب کو کامیابی سے ہمکنار کرے ، اکٹھے مل کر وائرس کا مقابلہ کرنے کی توفیق دے اور نجی ایجوکیشن سیکٹر کو اس مشکل دوراہے میں آپ کی وساطت سے نکلنے میں مدد کرے ۔