کراچی(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ منشیات سے بچنے کیلئے نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف مائل کرنا ہوگا،منشیات کی نئی اقسام نوجوان نسل کو تیزی سے شکنجے میں جکڑ رہی ہیں۔ علماء کرام معاشرے کی سماجی معاملات پر بھی رہنمائی کریں ،سماجی امور میں اداروں کے ساتھ مساجد کا بھی کردار ہونا چاہیئے ۔کراچی میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات نذرآتش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوان نسل کو موذی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تسلسل سے آگہی مہم چلانا ہوگی، والدین بچوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں صدرمملکت عارف علی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی۔گورنر نے صدرو سی پی ایل سی میں انسداد منشیات سیل سے آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ اے این ایف، پولیس، سی پی ایل سی کے تعاون سے منشیات کے خلاف آگاہی مہم جاری ہے ۔ صدرمملکت نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے گورنرسندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔