لاہور(جنرل رپورٹر ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے کہا کہ ہماری تعلیم میں بہت کمزوریاں ہیں، نصاب پڑھایا جاتا ہے مگر ہنر نہیں سکھایا جاتا۔ طلبہ کے پاس ڈگریاں ہوتی ہیں مگر نوکریاں نہیں ملتیں، اس مسئلہ کے حل کیلئے کامیاب جوان ہنر مند پروگرام کے ذریعے یوتھ کو جدید سکلز سکھانے جا رہے ہیں۔گزشتہ روز کامیاب جوان پروگرام کے تحت لاہور میں ہائی ٹیک کورسز کا افتتاح کرتے ہوئے تقریب سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب جوان، کامیاب پاکستان،وزیراعظم عمران خان کا نوجوان نسل کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے نیا پاکستان حاصل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کے قریب ہے ۔نوجوان ہماری بہت بڑی طاقت ہے اگر نوجوانوں کو تعلیم اور سکل دیں تو یہ ہمارا اثاثہ بن سکتے ہیں جاپان جیسا ملک ہم سے نوجوان لوگ لینے آ رہا ہے ۔ کامیاب نوجوان پروگرام کا ایک حصہ 100 بلین روپے کا قرضہ دینا ہے ۔ افسوس ہے کہ کامیاب جوان پروگرام پہلے کیوں نہیں لایا گیا۔ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو فنی تعلیم دینی ہے ،ہم پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔لوگوں کی توجہ دیکھ کر لگتا ہے ہائی ٹیک پروگرامز کا دائرہ کار وسیع کرنا پڑیگا ۔ جدید آئی ٹی گی پروگرامز کے ذریعے نوجوان نسل کو ہنر مند بنائیں گے ۔ وزیر تعلیم نے اعتراف کیا کہ انہیں معلوم نہیں کہ یہ کورسز کیا ہیں جس پر ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔ وائس چانسلر آئی ٹی یو پروفیسر ڈاکٹر نیاز نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 10 ہزار درخواستیں موصول ہوئی جن میں سے 1200 لوگوں کو منتخب کیا گیا۔ 6 ماہ کے پروگرام میں حکومت طلبہ پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کریگی ۔حکومت 3 لاکھ روپے فی طالبعلم اخراجات برداشت کر رہی ہے ۔ چیئر مین پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل خالد نے کہا کہ جدید پروگرامز کے ذریعے قومی و عالمی ضروریات کو پورا کر سکیں گے ۔چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اصفر منظور اورسربراہ ٹیوٹا علی سلمان نے بھی خطاب کیا ۔