کوئٹہ (خ ن )وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا وائرس سے نمٹنے اوراس حوالے سے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال، زائرین کے لئے تفتان اور کوئٹہ میں قائم قرنطینہ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں ، دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کی واپسی سے متعلق امور، صوبے میں صحت کے نظام اور کرونا وائرس کے تدارک کی احتیاطی تدابیرکے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ کی تجویزپرتفتان میں موجود دیگرصوبوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کو براہ راست ان کے صوبوں کوبھجوانے کا فیصلہ کیا گیاجہاں متعلقہ صوبے زائرین کوقرنطینہ میں رکھ کران کے ٹیسٹ کریں گے اورکل سے تفتان سے زائرین کی براہ راست انکے صوبوں کو واپسی شروع کردی جائے گی ۔ تفتان میں اس وقت قرنطینہ کئے گئے تقریباً تین ہزارافراد میں زائرین اورتاجربھی شامل ہیں،بلوچستان کے ایسے زائرین اورتاجروں کے ٹیسٹ کی ضرورت ہے جن میں کرونا وائرس کی بعض علامات موجود ہوسکتی ہیں،تاہم بلوچستان کے پاس ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹیلیٹرزکی شدید قلت ہے لہٰذا وفاقی حکومت صوبے کو مزید کٹس اور وینٹیلیڑز فراہم کرے ۔ وزیراعلیٰ نے ملک میں گندم کی وافرمقدارمیں خریداری، یوٹیلیٹی اسٹورز میں اشیائے ضرورت کی دستیابی اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے بھرپوراقدامات کرنے کی تجویزبھی پیش کی ۔اجلاس نے وزیراعلیٰ کی تجاویزسے اتفاق کیا۔