اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خطاب میں خلل میری ناکامی ہے اورہم تو وزیراعظم کے خطاب کو اس رات نہیں چلانا چاہتے تھے ۔جاوید لطیف کی زیر صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین کمیٹی جاوید لطیف نے کہا بتایا جائے کہ وزیراعظم کے خطاب کو کیا پیمرا نے سنسر کیا یا ٹیکنیکل مسئلہ تھا۔معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے جواب دیا کہ شروع میں وزیراعظم کا ارادہ صرف پبلک سروس مسیج ریکارڈ کرانے کا تھا، جب ریکارڈنگ شروع ہوئی تو وزیراعظم نے کہا کچھ اور بھی مسائل ہیں جن پربات کرونگا، وزیراعظم نے 38 منٹ ریکارڈنگ کرائی جو ایچ ڈی پر تھی، وزیراعظم کے خطاب میں خلل ٹیکنالوجی کا فرق تھا، پی ٹی وی ایچ ڈی پر نہیں ، اسلئے یہ خلل آیا، وزیراعظم کے خطاب میں خلل میری ناکامی تھی، سٹینڈ لینا چاہیے تھا کہ ریکارڈنگ پی ٹی وی سے کرائی جاتی۔فردوس عاشق نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے خطاب کو اس دن نہیں چلانا چاہتے تھے ، مگر وزیراعظم نے حکم دیا خطاب آج ہی نشر کیا جائے ۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جو دینی بات کی اس میں وہ الفاظ کا چناو ٹھیک نہیں کرسکے ۔جاوید لطیف نے کہا کہ بتایا جائے کہ کیبل آپریٹرز کے پاس کیا حق ہے وہ چینلز کے نمبر آگے پیچھے کریں، کس قانون کے تحت چینلز کے نمبر آگے پیچھے کیے جاتے ہیں، اگلی میٹنگ میں تمام صحافتی تنظیموں کے نمائندگان کو بلارہے ہیں، میڈیا کنٹرول کرنے کی بھی باتیں چل رہی ہیں، کہیں کوئی میڈیا بحران کا فائدہ تو نہیں اٹھا رہا، میڈیا ورکرز کو تحفظ ملنا چاہیے ، حکومت اگلی میٹنگ میں رپورٹ پیش کرے ، فواد چودھری نے جو سمیع ابراہیم کے ساتھ کیا، کمیٹی اسکی مذمت کرتی ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے سمیع ابراہیم کو فون کیا اور مذمت بھی کی، وزیراعظم نے فواد چودھری کو بلایا ہے ، آپ کو پتہ ہے جب لیڈربلاتا ہے تو کیاہوتا ہے ۔ادھرقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مواصلات کو بتایاگیا کہ400 کلو میٹر طویل ملتان تا سکھر موٹروے منصوبہ 5 اگست کو مکمل ہوجائے گا، سی پیک کو تین الائنمنٹ میں تقسیم کیا گیا ، مغربی روٹ کی لمبائی 2492 کلو میٹر ہے ، سی پیک کے تحت مغربی روٹ ہکلہ تا ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈی آئی خان سے ژوب پر کام جاری ہے ۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عباد اﷲ خان کی صدارت میں ہوا ۔ چیئرمین این ایچ اے جواد رفیق ملک نے بتایاکہ این ایچ اے کے 38 منصوبے جاری ہیں، رواں سال 173 ارب روپے رکھے گئے ۔