کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی ) مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے تحت مہنگائی کے خلاف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 سالوں سے کہہ رہا ہوں عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہیں۔ وہ نالائق ہونے کے ساتھ نااہل بھی ہیں جس نے 50 لاکھ گھر دینے کے بجائے عوام کے اتنے ہی گھر گرادئیے ، گورنر اسٹیٹ بینک کے علاوہ کوئی باہر سے نوکری کیلئے پاکستان نہیں آیا،انتخابی اصلاحات کے حوالے سے تمام قوانین کو جوتے کی نوک پر رکھیں گے ۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کل بھی غلامی کے خلاف تھے آج بھی مخالفت کرتے ہیں۔ ہم نے اس ملک اور اس کے اداروں کو چلانا ہے ، اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا ہوگا، ملک میں آئین اور جمہوری حکمرانی ہونی چاہیے ، آئین کی خلاف ورزی نہیں کرنا چاہتے لیکن حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، ہم بڑی مضبوطی کے ساتھ میدان میں نکلے ہیں، قوم کو مایوس نہیں ہونے نہیں دیں گے ، اقتدار چھوڑ کر چلے جانے میں ہی حکمرانوں کی خیر ہے ۔