اسلام آباد (خبرنگار خصوصی،لیڈی رپورٹر) صدرمملکت عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی نے بچوں کی قبل از وقت پیدائش سے بچنے کے لئے ماؤں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے جو پاکستان میں بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجہ اور روزانہ600نوزائیدہ بچوں کی اموات کا سبب بنتی ہے ۔یونیسف اورڈبلیو ایچ او کے تعاون سے پمز میں قائم اسلام آباد کے پہلے کینگرو مدر کیئر سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم ثمینہ نے کہا کہ ہر سال اڑھائی لاکھ نوزائیدہ بچوں کی اموات پر تشویش ہے ، جس میں ایک تہائی تعداد قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے تمام ہسپتالوں اور نرسریوں میں کینگرو مدر کیئر قائم کرنے کی فوری ضرورت ہے ، اس تکنیک سے خاص طور پر پسماندہ خاندانوں کو قبل از وقت پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچوں کے انکیوبیٹرزکے مہنگے ترین علاج سے بچنے میں مدد ملے گی۔