اسلام آباد،سرینگر(وقائع نگار،این این آئی، وقائع نگار خصوصی) یورپی پارلیمان میں تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے پندرہ اراکین پارلیمان نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا ون ڈی لیون اور یورپی یونین کیاعلیٰ نمائندے برائے خارجہ امور و سکیورٹی پالیسی جوزف بوریل سے ایک خط کے ذریعے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کا معاملہ اعلیٰ سطح پر بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت سمیت تمام بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ، ارکان پارلیمنٹ فا بیو ما سیمو، با تینو ولات ، ہیلمٹ شلز، ماریہ ارینا، جویر نارٹ ، انتینو اولیورز اور دیگر ارکان نے خط میں مسئلہ کشمیر کو دیرینہ حل طلب عالمی مسئلہ قرار دیتے ہوئے یورپین کمیشن کے اعلیٰ عہدیداروں کو توجہ دلائی کہ حل طلب تنازع کشمیر نہایت خطرناک فلیش پوائنٹ بن چکا، لاکھوں کشمیری ستر برس سے ناقابل برداشت مصائب سہ رہے ہیں جو یورپی ممالک کے لئے گہری تشویش کا باعث ہیں، صدر آزادسردار مسعود خان نے یورپی پارلیمان کے اراکین کی تازہ کاوش کا خیر مقدم کرتے ہوئے تنازع کشمیر کے حل کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر اسے ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نامساعد اور مشکل ترین حالات کے باوجود بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے حق میں بلند ہونے والی آوازوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، وہ وقت دور نہیں جب میڈیا اور پارلیمانی قوتیں انہیں بھارت کے حوالے سے اپنی پالیسی بدلنے پر مجبور کر دیں گی،ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ روز قابض بھارتی سکیورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے سب ضلع ترال کے علاقے اونتی پورہ سیموہ میں ایک مسلح جھڑپ میں 2مجاہدین کو شہید کردیا، دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں مہلک کورونا کی وبا کے باعث دو اورکشمیری وفات پاگئے جس سے مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر33ہوگئی ، ادھرمقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسند تنظیم دا رزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف )نے جموں و کشمیر میں رہائش اختیار کرنے کا ارادہ رکھنے والے غیر مقامی افراد کو آر ایس ایس کا حامی قرار دے کر ان پر کارروائی کرنے کی دھمکی دیدی،دریں اثنا پاکستان نے قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی روز میں 13 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہی دن میں 13 کشمیریوں کا قتل بھارت کے انسانیت سوز مظالم اور جرائم کا مظہر ہے ، بھارت جان لے کہ اس کے مظالم کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے ۔