لاہور،کراچی (نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر) تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر میں سرکاری ملازمین سراپا احتجاج بن گئے ۔آل پاکستان سیکرٹریٹ کوآرڈی نیشن کونسل کی کال پر پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈی نیشن کونسل سربراہی میں ملازمین کی سول سیکرٹریٹ میں احتجاجی ریلی ، بعد ازاں شدید گرمی کے باوجود سول سیکرٹریٹ کے داخلی دروازے پر شدید احتجاج کیا۔ ملازمین کے سراپا احتجاج ہونے پر سول سیکرٹریٹ اور گردونواح میں ٹریفک جام ہو گئی۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ملازمین نے ساڈا حق ایتھے رکھ، ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے ،’’ وزیر اعظم ایک یوٹرن اور لو‘‘ کے نعرے بھی لگائے ۔احتجاج کرنے والے سول سیکرٹریٹ ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب کوآرڈی نیشن کونسل چودھری سلطان گجر نے کہا کہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ حیرن کن، مایوس اور سرکاری ملازمین کو زندہ درگور کرنے کے مترادف اقدام ہے ۔ادھر کراچی میں ریلوے مزدور محاذ کے تحت ریلوے ورکرز یونین ،ریلوے محنت کش یونین،پریم یونین ،کیرج ایسوسی ایشن ،کمرشل ٹریفک ،الیکٹرک ،سگنل سٹاف کے سینکڑوں ملازمین نے ڈیزل انجن شاپ میں احتجاجی جلسے کی شکل میں کراچی کینٹ سٹیشن پر بھرپور مظاہرہ کیا،عوامی ایکسپریس کے انجن پر کھڑے ہوکر ٹرین کو روکے رکھا،دریں اثنائپاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن ،ریلوے ورکرز یونین نے پاکستان سٹیل مل اتحاد یونین کے سینکڑوں ملازمین نے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔