لاہور(قاضی ندیم اقبال) سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورمراعات میں اضافے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے وفاق سے رابطہ کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب کے ذمہ داروں نے باضابطہ طور پر وفاقی وزارت خزانہ سے رابطہ کر کے باور کرایا ہے کہ کورونا کے تناظر میں پیدا ہونے والی مالی مشکلات کے باوجود صوبائی حکومت ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ اور اس ضمن میں محکمہ خزانہ پنجاب اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ذمہ داران مختلف آپشنز پر کام کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی غرض سے کوئی فیصلہ کرتے وقت صوبوں، بالخصوص پنجاب کے مالی معاملات کو بھی نگاہ میں رکھے کیونکہ وفاقی حکومت اور دیگر صوبوں کی نسبت سب سے زیادہ سرکاری ملازمین پنجاب میں ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے وفاق کو درخواست کی گئی کہ وہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن و دیگر مراعات میں اضافے کی غرض سے کوئی حتمی اعلان کرنے سے قبل پنجاب کے مشکل مالی معاملات کو مدنظر رکھے ۔ وفاقی حکومت جو بھی فیصلہ کرے اس کی روشنی میں حکومت پنجاب کو آئندہ مالی سال کے دوران الگ سے فنڈز بھی فراہم کرے تاکہ وفاقی حکومت کی پالیسی کی روشنی میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں، پنشن ودیگر مدات میں ادائیگی ممکن بنائی جا سکے ۔