لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہو نے کیخلاف اپیکا بھی میدان میں آ گئی۔پنجاب سول سیکرٹریٹ کے باہر مختلف سرکاری ملازمین نے حکومت کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔احتجاج کرنے والے ملازمین نے مطالبات کے حامل پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے ۔ایپکا کے احتجاج کے باعث سول سیکرٹریٹ کے باہر ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی۔احتجاجی سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا کی جانب سے ہاؤس رینٹ الاؤنس ، اپگریڈیشن سمیت گروہ انشورنس کی رقم ادا کرنے کے بھی مطالبات پیش کیے گئے ۔وفاقی بجٹ سے قبل حکومتی ذمہ داروں نے پے اینڈ پنشن کمشن کی تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔ تاہم معاملات سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا تو اسلام آباد کا رخ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ۔