لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر تنقید درست ہو رہی ہے ، کیونکہ تنقید وہی کرتے ہیں جنہیں ٹیم کی صلاحیتیوں پر یقین ہوتا ہے ، کھلاڑیوں نے مختلف سیشنز میں اپنی صلاحیتیں دکھائیں بھی مگر اسے جیت میں منتقل نہیں کیا جا سکا۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم نے فائٹ کر کے اپنے پوٹینشل کا مظاہرہ کیا ۔ پاکستان ٹیم میچ کو آخری پانچ اوورز تک لے کر گئی ۔ حالانکہ صورتحال مشکل تھی ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد جب فینز آپ سے فائٹ کرنے کی توقعات وابستہ کر لیتے ہیں تو آپ توقعات پر پورا نہیں اترتے تو تنقید درست ہو تی ہے ، ہم نے صلاحیتیوں سے کم تر کھیل پیش کیا ہے ۔مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، ہم نے ایسی صورتحال سے آئندہ کے لیے نکلنا ہے کیونکہ کسی بھی کھیل میں مقصد جیت ہوتا ہے اور جب آپ نہیں جیت پاتے تو مایوسی ہوتی ہے ، اس لیے مایوسی بھی ہے اور افسوس بھی توقعات کے مطابق نہ کھیلنے پر افسوس ہوتا ہے ۔ مصباح کا کہنا ہے کہ اب ہم نے ہوم سیریز ساوتھ افریقہ کے خلاف کھیلنا ہے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ ہم ہر شعبے میں بہتری لائیں ۔ اچھا کھیل کر اعتماد کو بحال کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو غلطیاں کیں ان کا جائزہ لے کر آگے بڑھنا ہے ،ہوم کنڈیشنز اور حریف ٹیم کو سامنے رکھ کر ضروری تبدیلیوں کے بارے میں بھی دیکھیں گے ۔