اسلام آباد(لیڈی رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے نواز شریف کے زیر سماعت مقدمہ پر اثر انداز ہونے پر جاری توہین عدالت کے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب عدالت میں داخل کرا دیا ۔ تفصیل کے مطابق توہین عدالت کے شوکاز نوٹس کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے ایک بار پھر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے آپ کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتی ہوں، عدلیہ کی آزادی پر یقین ہے ، پاکستان کی ہر عدالت اور ججز کا بے حد احترام کرتی ہوں۔ تحریری جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی اپیل پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی، اگر مقدمے پر اثرانداز ہونے کا تاثر ملا تو اس پر بھی معافی مانگتی ہوں۔ عدالت یا مقدمے پر اثر انداز ہونے کی کبھی نیت بھی نہیں تھی۔ کیس کی سماعت کل 11 نومبر کو ہو گی۔ عدالت نے فردوس عاشق اعوان کو تحریری جواب داخل کرانے کیلئے گزشتہ روز تک کی مہلت دی تھی۔