اسلام آباد،راولپنڈی،ترنول ،پشاور،نوشہرہ،کراچی ، لاہور (سپیشل رپورٹر، رپورٹر 92نیوز، 92 نیوز رپورٹ، سٹاف رپورٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) جے یو آئی نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے دھرنے کا وقت مختصر کرنے کافیصلہ کر لیا،صبح 8 بجے سے رات 8 تک دھرنا ہوگا بعد میں سڑکیں کھو ل دی جائیں گی ،پشاورہائیکورٹ نے بھی جے یوآئی(ف)کوسڑکیں بندکرنے سے روک دیا جبکہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے کہ حکومتی دیواریں ہل چکی ہیں،آخری جھٹکادیناباقی ہے ۔نوشہرہ میں دھرنے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے امیر جے یوآئی(ف)مولانافضل الرحمان نے کہا کہ ہم پرامن طریقے سے سیاسی تبدیلی اور ناجائزحکومت کوچلتاکرناچاہتے ہیں۔ مولانافضل الرحمان نے کہ احساس ہے کہ سڑکیں بندہونے سے عوام کو مشکل سے گزرنا پڑتا ہے ،جب راستے میں بڑاپتھرپڑاہوتوہٹانے کیلئے کچھ مشقت اٹھاناپڑتی ہے ،اس وقت سب سے بڑاپتھرنااہل حکومت ہے ،عوام کی طاقت سے اس پتھرکوراستے سے ہٹاناہے ۔تحریک آگے بڑھے گی۔اسلام آباد،کراچی، پشاور ،جیکب آباد، گھوٹکی، کندھ کوٹ، ڈیرہ غازی خان، بنوں، ملاکنڈ اور لورالائی میں دھرنے جاری ہیں ۔شاہراہ قراقرم کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ دھرنے کے باعث انڈس ہائی وے پر ٹریفک بلاک رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔بلوچستان لورالائی میں جے یو آئی اور پشتونخوا میپ کے کارکنوں نے احتجاجی دھرنا د یا ، دھرنے اور احتجاج کے باعث کوئٹہ ڈیرہ غازی خان اور لورالائی ژوب قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل رہی،کئی شہروں میں بارش بھی جاری رہی ۔ اسلام آباد میں 26نمبرچونگی پردھرنادوسر ے روزبھی جاری رہاجونمازجمعہ سے شروع ہوکرنمازمغرب کے بعد ختم ہوگیا۔ احتجاجی دھرنے سے مولاناعبدالمجیدہزاروی ،ڈاکٹرضیاء الرحمن ،مفتی اویس عزیز،مولاناعبدالشکورحقانی ودیگرنے بھی خطاب کیا ۔مولاناعبدالغفورحیدری نے کہاکہ نالائق اور نا اہل حکومت کو ہٹانا قومی فریضہ ہے ۔کرتار پور کا منصوبہ بنیادی طور پر قادیانیوں کو نوازنے کیلئے بنایا گیا۔ غریب کی زندگی اجیرن کر دی گئی۔ کراچی میں حب ریور روڈ پردوسرے روز بھی دھرنا جاری رہا۔جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرو نے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اب دھرنے صرف دن کو جاری رکھے جائیں گے ،دھرنے صبح 8بجے سے رات 8بجے تک ہونگے ۔ جس کے بعد سڑکیں کھول دی جائیں گی۔یہ فیصلہ مسافروں کی تکلیف کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔موچکو پولیس نے حب ریورروڈ پر دھرنے کے خلاف علامہ راشد سومرو سمیت 250سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،تاہم گرفتاری عمل میں آسکی۔دریں اثنا پشاور ہائیکورٹ نے جے یو آئی(ف) کو سڑکوں کی بندش سے روکتے ہوئے قانون کے اندر رہتے ہوئے احتجاج کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ شاہ فیصل اتمان خیل ایڈووکیٹ کی رٹ پرجسٹس اکرام اللہ اور جسٹس وقار پر مشتمل بنچ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28نومبر کو طلب کرلیا جبکہ جے یو آئی کو روڈ کی بندش سے روکنے کے احکامات جاری کردیئے اور کہا کہ اس سے پہلے رٹ میں جو کمٹمنٹ کی گئی تھی اسے پورا کیا جائے ۔ادھر لاہو ہائیکورٹ میں مولانا فضل الرحمان کا پلان بی روکنے کیلئے متفرق درخواست دائر کردی گئی ۔درخواست میں وفاقی حکومت، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کو فریق بنایا گیا ۔